دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے حکومت کی غیر مشروط حمایت کی، یوسف گیلانی

Yousuf Raza Gilani

Yousuf Raza Gilani

لاہور (جیوڈیسک) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے دہشت گردی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے حکومت کی غیر مشروط حمایت کی، طالبان کیساتھ مذاکرات کے حوالے سے ہم سے مشورہ مانگا گیا تو ضرور دیں گے۔

لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مذاکراتی عمل پر رائے دے کر بات چیت کو سبوتاژ نہیں کرنا چاہتا۔

آئین شریعت کے مطابق ہے اور ملک میں شریعت نافذ بھی ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا طالبان نے قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا تو حکومت میرے بیٹے کی بازیابی کو بھی یاد رکھے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت قربانیاں دیتی آئی ہے، نیب کے کیس بھی بھگت چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان مہدی شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ الحاق کے بعد بدقسمتی سے انہیں وہ حقوق نہیں ملے جو ان کا استحقاق تھا۔