دہشت گردی جیسے جرائم میں ملوث لوگ تیزی سے اللہ کے غضب میں آ رہے ہیں۔ صوفی مسعود احمد
Posted on February 17, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
فیصل آباد: لاثانی سیکرٹریٹ پر منعقدہ خصوصی محفل پاک ذکرونعت بسلسلہ عرس مبارک حضور سید نا غوث الاعظم جیلانی کی صدارت کرتے ہوئے امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان صوفی مسعود احمد صدیقی لاثانی سرکار نے کہا کہ کرپشن، رزق حرام کھانے والے اور توبہ نہ کرنیوالوں کی صحبت سے بچا جائے، کرپٹ لوگ تیزی سے اللہ کے غضب میں آرہے ہیں۔
عوام الناس بالخصوص اولیاء اللہ وصوفیاء کرام سے محبت رکھنے والے خود بھی اور اپنے بچوں کو بھی برے لوگوں کی صحبت سے بچائیں ۔جولوگ گناہ کبیرہ (بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور دہشت گردی )میں ملوث ہیں اور اللہ تعالیٰ کے حضور نادم نہیں ہورہے اورتوبہ کی طرف رجوع نہیں کر رہے تو ایسے لوگ پہلے کی نسبت مزید تیزی سے غضب الہٰی کاشکارہورہے ہیں۔آپ نے مزید کہاکہ حضور سیدنا غوث الاعظم جیلانی سمیت دیگر فقراء اوراولیاء اللہ سے محبت اور عقیدت رکھنے والوںکے اللہ تعالیٰ درجات بلند فرماتاہے اوران کے ظاہری وباطنی مقامات میں ترقی بھی عطا فرماتا ہے۔
اس عظیم الشان محفل پاک ذکر و نعت کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا،صدیقی لاثانی سرکار کے تشریف لانے پر پوری محفل اللہ کے ذکر سے گونج اٹھی،صاحبزادہ شبیر احمد اورآپ کے ہمنوائوںنے سید الانبیاء حضور نبی کریم روف الرحیم ۖ کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ عقیدت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی تو پوری محفل میں روحانی وجدانی کیفیات طاری ہوگئیں۔ صدیقی لاثانی سرکار نے حضور سیدنا غوث الاعظم جیلانی کی بارگاہ اقدس میں ایصال ثواب پیش کیا ،امت مسلمہ کے اتحاد واتفاق اورحاضرین محفل کی ترقی اورخوشحالی کیلئے خصوصی دعا فرمائی۔محفل پاک میں لنگر شریف کاخصوصی طور پر اہتمام کیا گیا۔
محفل پاک کے اختتام پرامام الانبیاء حضور نبی کریم روف الرحیم ۖ کی بارگاہ اقدس میں خصوصی طو رپر درودوسلام کے نذرانے پیش بھی کئے گئے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com