دہشتگردی کچلنے کیلئے سیاسی وعسکری قیادت فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہو گا: علامہ اشفاق صابری
Posted on August 22, 2013 By Noman Webmaster اسلام آباد
اسلام آباد: ادارہ صراط مستقیم پاکستان کے رہنما علامہ اشفاق احمد صابری نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے واضح پالیسی کا اعلان نہ کرکے پوری قوم کو مایوس کیا ہے۔ دہشت گردوں کو قانون کی گرفت میں نہ لانا حکومت کی بدترین نااہلی ہے۔
جب تک جزا و سزا کے قانوں پر عملدرآمد نہیں کیا جاتا ملک میں دہشتگرد دندناتے پھریں گے۔ دہشتگردی کو کچلنے کیلئے سیاسی وعسکری قیادت فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہو گا۔ وزیراعظم کی جانب سے سزائے موت پر عملدرآمد کو روکنا قرآن و حدیث کی رو سے انصاف کا قتل اور قاتلوں کی حوصلہ افزائی ہے۔
اِس حکم سے صرف پنجاب میں 685 افراد کی پھانسی رک گئی اور5600 کیسز میں متوقع سزائوں پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا۔ انتہاپسند دہشت گردوں کو جب تک تختہ دار پر لٹکایا نہیں جاتاملک میں بدامنی، قتل و غارت گری کو روکنا ناممکن ہے۔( ن )لیگ کا پنجابی طالبان کے خلاف کارروائی سے گریز کرنا اور الیکشن میں کالعدم تنظیموں کے سرگرم رکن عابد رضا کو گجرات اور عباد رضا کو مظفر گڑھ میں پارٹی ٹکٹ دیکر کامیاب کرانا بہت سے سوالات کو جنم دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں سے مذاکرات کا عندیہ 40 ہزار پاکستانیوں اور پانچ ہزار سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت سے غداری ہے۔ شریعت کسی قانون شکن قاتل کو ذاتی طور پر معاف کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے متفقہ قومی پالیسی اختیار کی جائے اور از سر نو داخلہ و خارجہ پالیسیاں قومی امنگوں کے مطابق ترتیب دی جائیں۔