اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم کے زیر صدارت اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے ناسور نے ملک کو بڑا نقصان پہنچایا ہے۔ دہشتگردوں کیخلاف جراتمندانہ اور بڑے فیصلوں کو وقت آن پہنچا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ دلیرانہ فیصلے کئے جائے اور ان پر عملدرآمد کیا جائے۔
دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج حکومت کیساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔ دہشتگردی اور انتہا پسندی کیخلاف متحد ہو کر جیتیں گے۔ آرمی چیف نے کہا کہ ٓئندہ نسلوں کیلئے دہشتگردی کا خاتمہ ہمارا اولین فرض ہے۔
متحد ہو کر ہی دہشتگردی کیخلاف جنگ جیتی جا سکتی ہے۔ اس سے قبل پارلیمانی رہنمائوں کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بتایا کہ فوج نے دہشتگردوں کیخلاف مختلف آپریشن شروع کر رکھے ہیں۔ ضرب عضب اور خیبر ون آپریشن کامیابی سے جاری ہیں۔ دہشتگردوں کے خاتمے تک ضرب عضب آپریشن جاری رہے گا۔
ضرب عضب میں اب تک 2100 سے زائد دہشتگرد مارے گئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ آپریشن ضرب عضب میں 190 جوان شہید ہوئے۔ ایساف اور افغان فورسز نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
پاک افغان سرحد کے قریب اب تک آپریشن میں 150سے زائد دہشتگرد مارے گئے ہیں۔ تحریک طالبان کیخلاف ایساف اور افغان انٹیلی جنس کا آپریشن آگے بڑھ رہا ہے۔