دہشت گردی کے خاتمہ میں قوم کا تعاون حاصل ہے : حمزہ شہباز

 Hamza Shahbaz

Hamza Shahbaz

لاہور (جیوڈیسک) رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہاہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کو دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں میں پوری قوم کا اعتماد و تعاون حاصل ہے حکومت دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کو چیلنج سمجھ کر ان کے خاتمے کے لئے دن رات کوشاں ہے گھر بیٹھ کر مزید دھماکوں کا انتظار کرنے کی بجائے پوری قوم کو دہشت گردی کیخلاف سیسہ پلائی دیور بننا ہوگا۔ 19 کروڑ عوام کی باہمت پاکستانی قوم جب کسی کام کے لئے ٹھان لے گی تو خدا بھی اس کی مددکریگا۔

حمزہ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں ماڈل ٹائون سوسائٹی کے زیر اہتمام ماڈل ٹائون تا میٹر و بس سٹیشن شٹل سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سوسائٹی کے عہدیداران اور ممبران بڑی تعدا دمیں موجود تھے۔ حمزہ شہبازشریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ لوگ حکمرانوں کی شکلیں بھول جاتے ہیں تاہم ان کے کارناموں اور منصوبوں کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں جس کی ایک مثال وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا میٹروبس سروس کا منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نوازشریف اور ان کی ٹیم نے ملک کو درپیش دو بنیادی مسائل دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ سے نمٹنے کے لئے اپنا دن رات ایک کر رکھا ہے اور پانچ سال بعد جب ہم دوبارہ عوام کی عدالت میں پیش ہونگے تو دنیا دیکھے گی کہ ہماری جماعت نے اپنے منشور پر عملدرآمد کرتے ہوئے نہ صرف دہشت گردی اور توانائی کے بحران پر قابو پا لیا ہے۔