دہشتگردوں کو ناکام اور عوام کو محفوظ بنانا حکومتی فریضہ ہے۔ سولنگی اتحاد

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پٹھانکوٹ حملے کے بعد بھارت کی پاکستان پر چڑھائی’ مودی سرکار کے وزیر دفاع منوہر پاریکر کی پاکستان کو جوابی تکلیف پہنچانے کی دھمکی اور پھر افغانستان میں امن عمل کی چار ملکی کوششیں شروع ہونے کے ساتھ ہی امریکی صدر اوبامہ کا پاکستان کے اگلی کئی دہائیوں تک عدم استحکام کا شکار رہنے کے دعویٰ کے بعد پاکستان میں جاری دہشتگردی کے سلسلے میں تیزی پاکستانی عسکری قیادت اور منصوبہ سازوں کیلئے دعوت فکر ہے۔

پاکستان سولنگی اتحاد کے سینئر و بزرگ رہنما امیر سولنگی ‘ سردار اکرم سولنگی ‘ سردار شبیر سولنگی ‘ سردار راحیل سولنگی ‘ سردار خادم حسین سولنگی و دیگر نے باچا خان یونیورسٹی پر دہشتگردانہ حملے پر اظہار مذمت و تشویش کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ بھارت افغانستان امن عمل کو سبوتاژ اور اوبامہ کا پاکستان کے حوالے سے دعویٰ سچ کرنے کے ساتھ پٹھانکوٹ واقعہ پردی جانے والی دھمکیوں کو عملی جامعہ پہنانے کیلئے ”را” کی مددسے افغان سرزمین کو پاکستان میں دہشتگردی کیلئے استعمال کررہا ہے۔

قرائن و ابتدائی تحقیقات سے اس بات کے شواہد بھی سامنے آرہے ہیں ۔حقائق بہرکیف جو بھی ہوں ‘ دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنانا بہرصورت حکومتی ریاستی اتھارٹی اور اسکے تابع سکیورٹی اداروں کی ہی ذمہ داری ہے کیونکہ قوم کو دہشت گردی کی جنگ کے محض دعوئوں کی نہیں’ نتائج کی ضرورت ہے اور اسے ایسا پرامن پاکستان چاہیے جس میں دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے تعلیمی اداروں کے باہر مورچے بنانے اور مستقل طور پر سکیورٹی گارڈز تعینات کرنے کی ضرورت نہ پڑے۔