دہشتگردی کا خدشہ ،کراچی ریلوے سٹیشن پر سکیورٹی سخت، فوج تعینات

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) لاہور سے کراچی آنے والی شالیمار ایکسپریس میں دھماکے کے بعد کراچی ریلوے سٹیشن پر سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے، کینٹ سٹیشن پر فوج بھی تعینات کر دی گئی۔ شالیمار ایکسپریس میں ہونے والے دھماکے کے بعد کراچی کینٹ سٹیشن پر بھی سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

سٹیشن پر پولیس کی اضافی نفری کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ ریلوے حکام نے پاک فوج سے بھی مدد طلب کر لی ہے۔ سیکیورٹی خدشات کے باعث سٹیشن کے واشنگ لائن میں کراچی سے اندرون ملک جانے والی ہر ٹرین کو بم ڈسپوزل سکواڈ اور پاک فوج کے جوان سراغ رساں کتوں کی مدد سے مکمل جانچ کے بعد کلئیر قرار دے رہے ہیں۔

ایک جانب سیکیورٹی ہائی الرٹ لیکن دوسری جانب حیرت انگیز طور پرمسافروں اور ان کے سامان کی کسی قسم کی جانچ نہیں کی جا رہی ہے۔ کینٹ سٹیشن کے دروازے پر لگے واک تھرو گیٹ ناکارہ ہیں جبکہ گیٹ پر کھڑا ریلوے کا عملہ اپنی استطاعت کے مطابق مسافروں کے ہجوم میں کچھ لوگوں کو ہی چیک کر پا رہا ہے، اس صورتحال پر مسافر تشویش کا بھی اظہار کر رہے ہیں۔