دہشتگردی کا خدشہ: راولپنڈی اور اسلام آباد پولیس کو باہمی رابطے مزید موثر بنانے کی ہدایات

Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے آپریشن راہ عضب کے دوران دہشتگردوں کی ممکنہ کارروائی کو ناکام بنانے کے لئے راولپنڈی اور اسلام آباد پولیس کو باہمی رابطے مزید موثر بنانے کی ہدایات دے دی ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی سربراہی میں اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی صورت میں ممکنہ حکمت عملی کی تیاری اور جڑواں شہروں میں سیکیورٹی کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر انہوں نے اسلام آباد اور راول پنڈی کی پولیس کے درمیان باہمی رابطوں اور انٹیلی جنس کے نظام کو مزید موثربنانے کی ہدایات دیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان آپریشن کے پیش نظراسلام آباد اور راولپنڈی میں حساس اداروں کی سیکیورٹی بڑھائی جائے۔

واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں دہشگردوں کے خلاف جاری آپریشن کے باعث ملک بھر میں دہشتگردی کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔