لاہور (جیوڈیسک) پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک بدامنی، دہشت گردی، ناانصافی اور کرپشن جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہے، جب تک ان بڑے مسائل کو حل نہیں کیا جائیگا اس وقت تک ملک ترقی نہیں کر سکے گا۔ جن اداروں نے یہ کام کرنے ہیں انہیں مضبوط، آزاد اور خودمختار بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کل پانامہ لیکس میں جن لوگوں کے نام آئے ہیں، بلاتفریق انکا احتساب ہونا چاہئے۔ وزیراعظم سب سے پہلے اپنے آپکو اور اپنی فیملی کے ممبران کو احتساب کیلئے پیش کریں۔ یہ جمہوریت کی مضبوط کیلئے ضروری ہے۔ نیشنل ایکشن پلان پر سو فیصد عملدرآمد ضروری ہے۔ اپریشن کو منطقی انجام تک پہنچنا چاہئے۔ سندھ، پنجاب، بلوچستان اور سرحد سمیت تمام علاقوں میں آپریشن ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن کے نتائج بھی اچھے آ رہے ہیں۔ الطاف حسین اور انکی تنظیم کیخلاف ’’را‘‘ سے فنڈنگ اس کے علاوہ عمران فاروق کے قتل کیس جیسے الزامات کے باوجود کارروائی کیوں نہیں کی جا رہی۔ بیرونی قوتیں بھارت کو اس علاقے کا تھانیدار بنانے پر تلی ہوئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان وقت میں گفتگو کے دوران کیا۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اقتصادی راہداری جیسے بڑے منصوبے جو ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 8 مئی کو کرپشن کے خلاف تحریک کا آغاز کر رہے ہیں۔ ملک بھر میں جلسوں، سیمینارز اور جلوسوں کا اہتمام کیا جائیگا۔ 8 مئی کو داتا دربار سے پنجاب اسمبلی تک پہلا مارچ کیا جائیگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میٹرو اور اورنج ٹرین جیسے منصوبے کرپشن کیلئے بنائے جا رہے ہیں، ان کی بجائے معیاری ہسپتال اور سکول بنائے جائیں۔ سودی نظام ختم کیا جائے۔
جمعہ کی چھٹی بحال کی جائے، 295-C کی ترمیم کو ایجنڈے سے نکالا جائے۔ علماء اور مشائخ پر جو جھوٹے مقدمات ہیں انہیں ختم کیا جائے۔ پٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچنا چاہئے اور 25 روپے فی لٹر قیمت کم کی جائے۔ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور ہماری نام نہاد اسلامی حکومت مہنگائی سے اسکا استقبال کر رہی ہے۔ تمام انبیاء کرام، مقدس کتابوں اور بزرگ ہستیوں کے بارے میں گستاخی کو روکنے کیلئے قانون سازی ہونی چاہئے۔