اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ دہشتگردی کے پیچھے سازش بیرونی ہو یا اندرونی، اس سے نمٹا جائے گا۔ پرویز رشید نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ کسی ایک صوبے نہیں بلکہ چاروں صوبوں کا ہے۔ اقتصادی راہداری کے روٹ چاروں صوبوں سے گزرتے ہیں۔
روٹ میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ الزامات کی سیاست سے سب کو گریز کرنا چاہیے۔ الزامات کی سیاست سے انتشار بڑھے گا۔ عمران خان نے اپنے سارے طریقے استعمال کر لئے ہیں لیکن ان کی سیاست کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
ٹربیونل میں عمران خان ایک ثبوت بھی پیش نہیں کر سکے ہیں۔ عمران خان ٹربیونل میں وہ ٹیوب ہی نہیں بتا سکے جس کو 35 پنکچر لگے۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اب عمران خان نے کسی ”پپو” کا نام لیا ہے۔
اس کو تلاش کر رہے ہیں۔ جس ”پپو” نے پورے انتخابی نتائج بھی بدل دیئے، میرا بھی دل کرتا ہے کہ اسے دیکھوں۔