لاہور (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ ملک میں دہشت گردی میں اپنے ہی لوگ ملوث ہیں اور اگر ان کا ہاتھ نہ ہو تو باہر کا کوئی شخص ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔
لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات پرویزرشید کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دنیا میں دہشت گردی کے خلاف بڑی قربانیاں دیں۔ دہشت گردی کے خلاف تمام جماعتیں ایک پیج پر ہیں اور ہماری قومی پالیسی کی حمایت پیپلز پارٹی نے بھی کی ہے ۔ دہشت گردوں سے نمٹنے کےلئے آپریشن ضرب عضب شروع کیا گیا جس کے مثبت نتائج حاصل ہوئے خفیہ اداروں نے بھی دہشت گردی کے حوالے سے کافی اہم معلومات دیں، جن کی روشنی میں کئی سانحات سے بچا بھی جاچکا ہے ۔ ملک میں دہشت گردی میں اپنے ہی لوگ ملوث ہیں اور اگر ان کا ہاتھ نہ ہو تو باہر کا کوئی شخص ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے وعدہ کیا تھا کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے لئے کوئی جگہ نہیں اورعزیربلوچ جیسے لوگ اگر پاتال سے بھی لانے پڑے تو ڈھونڈ کر لائیں گے اور آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رکھاجائے گا۔
پرویزرشید نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کشمیر کے مسئلے کو پیچھے ہٹانے کا جواز پیدا کردیتے ہیں ۔ بھارت سے جب بھی مذاکرات شروع ہونے لگتے ہیں دہشت گردی کا کوئی واقعہ رونما ہوجاتا ہے اورملک دشمن عناصر کشمیر کے مسئلے کو پیچھے ہٹانے کا جواز پیدا کردیتے ہیں کیوں کہ پاک بھارت مذکرات میں مسئلہ کشمیر کو سب سے ذیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا جیسے سپر پاور ملک میں بھی سیکیورٹی خدشات پر اسکولز کو بند کردیا جاتا ہے تو پاکستان میں اسکولز کا بند ہونا کوئی بڑی بات نہیں ۔ ریاست کا کام اپنے عوام کو تحفظ فراہم کرنا ہے جلد ہی اسکول بھی کھل جائیں گے اور انہیں اسکولوں میں دشمن کے بچوں کی تربیت کرکے انہیں اچھا انسان بنائے گے ۔