سکھر (جیوڈیسک) قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی وجہ سے اسلام بدنام ہو رہا ہے۔ اس پر حکومتی خاموشی افسوس ناک ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کو دو کشتیوں میں سوار نہیں ہونا چاہیے۔ سکھر میں ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت کا زور صرف ٹیکس اور قیمتیں بڑھانے پر ہے۔
قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں حکومت کی خاموشی پر احتجاج کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنی حفاظت خود کریں۔ اب کوئی حکومت ان کی حفاظت کو نہیں آئے گی۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ انسداد دہشت گردی پر آل پارٹیز کانفرنس عمران خان کی وجہ سے ملتوی ہوئی۔
اے پی سی کانفرنس عمران خان کی سیف اینمل کانفرنس میں جانے کی وجہ سے نہیں ہوسکی جبکہ یہ سیف ہیومین کانفرس تھی۔ ایم کیو ایم کے بیک وقت مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سے رابطوں پر ان کا کہنا تھا کہ متحدہ دو کشتیوں پر سوار نہ ہو۔ یہ سیاست ہے کوئی اللہ دتہ کا چھابہ نہیں کہ ریوڑیاں بانٹی جائے۔
اس سے پہلے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ بے گناہ انسانوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے اسلام کے دائرے میں نہیں آتے۔ بیس کروڑ عوام کو اپنا خوف دور کر کے کراچی سے خیبر تک دہشتگردوں کے خلاف جہاد کرنا ہو گا۔