جماعت اسلامی کے رہنماؤں کی دھماکے کے زخمیوں کی عیادت

Liaquat Baloch

Liaquat Baloch

لاہور (جیوڈیسک)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ لاہور واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب کے شرکاپر خود کش حملہ المناک، غیر انسانی اور پاکستان اور پاکستانیوں کی حب الوطنی پر حملہ ہے۔ بھارت پاکستان کے خلاف مسلسل دہشتگردی کر رہا ہے، حالیہ واقعہ میں کون ملوث ہے، تحقیقات میں سب کچھ بے نقاب ہونا چاہیے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عوام سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے واہگہ بارڈر بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت، ان کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کے بعد مقامی ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر جماعت اسلامی لاہور کے سیکرٹری جنرل خلیق احمد بٹ بھی موجود تھے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ حکومت پنجاب کی جانب سے جاں بحق افراد کے لیے پانچ لاکھ اور زخمیوں کے لیے ایک لاکھ مالی امداد انتہائی کم ہے۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی پنجاب کے سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے گھر کی ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی۔

ان کے ہمراہ سیکرٹری اطلاعات فاروق چوہان اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ نذیر احمد جنجوعہ نے کہا کہ را،سی آئی اے اور موساد گھناؤنی سازش کے تحت ملکی حالات خراب کررہی ہیں۔ دریں اثنا ڈاکٹر سید وسیم اخترنے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خود کش حملے کی شدید مذمت کی۔