بھارت (جیوڈیسک) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں ایک ہائی وے سرنگ کا افتتاح کرتے ہوئے کشمیری نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ ٹیررازم یعنی دہشت گردی کی بجائے ٹُورازم یعنی سیاحت اور ترقی کو چُنیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی سربراہِ حکومت نے یہ باتیں اتوار دو اپریل کو کہیں، جب اُنہوں نے نئی دہلی کے زیر انتظام شمالی ریاست جموں و کشمیر میں سینتیس اعشاریہ دو ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی ایک ہائی وے سرنگ کا افتتاح کیا۔
مودی نے گزشتہ سال جولائی میں سکیورٹی فورسز کے ایک چھاپے کے دوران عسکریت پسند رہنما بُرہان وانی کی ہلاکت کے بعد سے اس ریاست میں پیدا ہونے والی بے چینی اور بد امنی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا:’’جہاں ایک طرف کشمیر میں نوجوان پتھر پھینکنے میں مصروف تھے، وہاں کچھ اور نوجوان اس سرنگ کی تعمیر کے لیے پتھر توڑنے میں لگے ہوئے تھے۔‘‘
جموں و کشمیر میں پُر تشدد واقعات گزشتہ سال موسمِ گرما میں دیکھنے میں آئے تھے۔ تب زیادہ تر واقعات میں مشتعل ہجوم کی جانب سے سکیورٹی فورسز پر پتھر پھینکے جاتے تھے اور جواب میں پولیس اور فوج کے دستے شہریوں پر شاٹ گن سے فائرنگ کرتے تھے۔ ان واقعات میں چوراسی شہریوں کی جانیں گئیں جبکہ سکیورٹی فورسز کے عملے اور شہریوں سمیت بارہ ہزار سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے۔