سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ نون ہر کسی کو ساتھ نہیں ملائے گی، صرف سوچ سے اتفاق کرنے والوں کو قبول کیا جائے گا۔ رائے ونڈ لاہور میں ذرائع سے بات چیت کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ نو منتخب ارکان مسلم لیگ نون میں شمولیت کے لئے پارٹی قیادت سے رابطہ کر رہے ہیں لیکن ہر کسی کو شامل نہیں کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد سے منتخب ہونیوالے آزاد اراکین پنجاب اسمبلی آج شہبازشریف سے ملاقات کر رہے ہیں ، جس میں وہ نون لیگ میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ سابق وزیر قانون نے الطاف بھائی کو مبارک دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں انکا ٹھپہ مینڈیٹ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی کوئی طاقت کراچی کو پاکستان سے الگ نہیں کر سکتی۔ یہ سوچ ذہن سے نکال دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی اور لوڈ شڈنگ کا خاتمہ اولین ترجیح ہے. سابق وزیرقانون پنجاب رانا ثنا اللہ کہتے ہیں دہشتگردی اور لوڈ شیڈنگ سے نمٹنے کے لیے مسلم لیگ نون کے پاس جامع منصوبہ موجود ہے۔ مسلم لیگ نون کی حکومت قوم کو دونوں بڑے مسائل سے نجات دلائے گی۔