راولپنڈی (اصل میڈیا ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کو شکست دینے کیلئے بطور قوم طویل سفر طے کیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کی 5 ویں برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ اے پی ایس کا قتل عام کبھی نہیں بھولیں گے، سانحے کے شہداء اور غمزدہ خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ اے پی ایس سانحہ کے پانچ مجرموں کو فوجی عدالتوں نے پھانسی دی اور دہشت گردی کو شکست دینے کیلئے بطور قوم طویل سفر طے کیا، ہم متحد ہوکر پاکستان کے پائیدار امن اور خوشحالی کی جانب گامزن ہیں۔
واضح رہے کہ 16 دسمبر 2014ء کو دہشت گردوں نے آرمی پبلک اسکول ورسک روڈ پشاور کے اندر قتل عام کرتے ہوئے طلبا اور پرنسپل طاہرہ قاضی سمیت 150 افراد کو شہید کردیا تھا۔