روالپنڈی (جیوڈیسک) دہشت گردوں کو صف ہستی سے مٹانے کیلئے سکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے، تیمر گراہ اپر دیر میں آپریشن کے دوران ایک میجر، 2 حولدار اور ایک سپاہی شہید ہوگیا۔ آپریشن میں ایک دہشتگرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا، دوسرا جوابی کارروائی میں مارا گیا جبکہ تیسرا گرفتار کر لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تیمر گرہ کے علاقے شروٹ کئی میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا، اس دوران دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کر دی۔
پاک فوج کے جوانوں نے جوابی فائرنگ کی تو ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، دوسرا فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا جبکہ تیسرا پکڑا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کی قیادت میجر علی سلمان کر رہے تھے، جنہوں نے جام شہادت نوش کیا، آپریش میں 2 حولدار اور ایک سپاہی بھی شہید ہوا۔
واضح رہے تیمرہ گرہ میں آپریشن رات کے وقت کیا گیا جہاں دہشت گردوں کا خفیہ ٹھکانہ موجود تھا۔