دہشت گردی پوری قوم کا مسئلہ ہے اس میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کا وقت آ گیا۔ حمزہ شہباز
Posted on January 25, 2014 By Majid Khan کراچی
گجرات (محمود اختر محمود) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما ایم این اے حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ دہشت گردی پوری قوم کا مسئلہ ہے اس میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کا وقت آ گیا۔ دہشت گردوں کیخلاف اس جنگ میں فتح پاکستانی قوم کی ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم این اے نوابزادہ مظہر علی خاں کے کزن ‘ نوابزادہ طاہر الملک کے والد محترم نوابزادہ رؤف الملک کی وفات پر اظہارِ تعزیت کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
ایم این اے چوہدری عابد رضا ‘ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ایم پی اے نوابزادہ حیدر مہدی ‘ ایم پی ایز چوہدری شبیر احمد کوٹلہ ‘ میجر (ر) معین نواز ‘ چوہدری اشرف دیونہ ‘ ڈی سی او آصف بلال لودھی ‘ ڈی پی او رائے اعجاز احمد ‘جاوید بٹ ‘ اورنگزیب بٹ ‘ تنویر گوندل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ حکومت نے امن کو بھر پور موقع دیا اور اس مقصد کیلئے تنقید کا بھی سامنا کیا لیکن ہم کب تک اپنے پاکستانیوں کی لاشیں اٹھاتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت بھی اس سے ہو سکتی ہے جو کسی قاعدے کو مانے اور آئین ِ پاکستان کا احترام کرے لیکن جو کسی قانون قاعدے کو مانتا ہی نہیں اس کیخلاف حتمی کارروائی کا وقت آ گیا اور ان عناصر کے خلاف کاروائی میں جیت پاکستانی قوم کی ہو گی۔
ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ گجرات کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیا ہے اور پانچ سال کے دوران تعمیر و ترقی سے انکے اعتماد پر پورا اتریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت تعمیر و ترقی کیلئے فنڈز کا شفاف استعمال یقینی بنائے گی نہ کہ کسی کی جیبیں بھرنے کیلئے۔
انہوں نے واضع کیا کہ وہ فیتے کاٹنے کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے بلکہ ترقیاتی منصوبوں پر اس وقت آئیں گے جب وہ مکمل اور عوام ان سے مستفید ہو رہے ہوں ۔قبل ازیں حمزہ شہباز اظہارِ تعزیت کیلئے کوٹھی نواب صاحب پہنچے اور نوابزادہ رؤف الملک کی مغفرت اور پسماندگان کو صبر و جمیل کیلئے دعا کی۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com