لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی، عسکری اور دینی قیادت دہشت گردی کے خلاف ایک صفحے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ کے اس نازک اور اہم موڑ پر ہم سب پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
پاکستان کی بقا کی جنگ جیتنے کے سوا کوئی آپشن نہیں۔ دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں، ان کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کرکے ہی دم لیں گے اور اپنی نسلوں کو محفوظ او رپرامن پاکستان دینے کی قومی ذمہ داری ہر صورت ادا کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل خان طاہر جاوید خان، جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل عامر عباسی، صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر موثر طور پر عملدرآمد کیلئے فوری اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر اتفاق رائے کے بعد فوری فیصلے کئے گئے جن پر عملدرآمد کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ موجودہ صورتحال میں غیر معمولی اور فوری اقدامات کرنا انتہائی ضروری ہیں۔ افواج پاکستان کی قربانیوں پرپوری قوم کو بجا طور پر فخر ہے۔
معاشرے کے ہر طبقے کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے اورہر محاذ پر دہشت گردوں اوران کے سہولت کاروں کو شکست فاش دینا ہے پاکستان کی بقا کیلئے میدان میں نکلنے کا وقت آگیا ہے۔ انشا اﷲ تاریخ کا دھارا بدل کر پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔ اجلاس کے دوران صوبے میں سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ضروری اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں صوبے میں سکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کے حوالے سے تجاویز پر تفصیلی غورکیا گیا۔وزیراعلیٰ سے وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر امین الحسنات نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثنا وزیر اعلیٰ سے معروف مینجمنٹ کنسلٹنٹ گروپ مکینزے کے وفد نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ 2018 تک 20 لاکھ نوجوانوں کو فنی تعلیم دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
سکل ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن)سعودی عرب کے وفد اور سماجی شخصیات نے ملاقات کی اور ‘‘چیف منسٹرز فلڈ ریلیف فنڈ’’ میں مجموعی طور پر 78 لاکھ روپے کے چیک پیش کئے۔ مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے صدر مرزا الطاف، چوہدری شہباز، شہزاد احمد، سیٹھ عابد اور خالد جٹ نے 25 لاکھ روپے کا چیک دیا۔ ایم پی اے مہوش سلطانہ نے 5 لاکھ ،سرگودھا چیمبر اور صرافہ ایسوسی ایشن کے عرفان بٹ اور میاں عبدالجبار نے 48 لاکھ روپے کا چیک دیا۔
وزیراعلیٰ شہباز شریف نے رکن قومی اسمبلی رائے منصب علی خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ کی زیرصدارت گزشتہ روز اجلاس میں قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں 100 میگاواٹ سولر منصوبے پر کا م کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، جلد افتتاح ہو گا۔