دہشتگردی، بجلی بحران کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، صدر ممنون

President Mamnoon

President Mamnoon

لاہور (جیوڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت ورثے میں ملنے والے حالات کو بہتر بنانے اور مسائل حل کرنے کے لیے دن رات اقدامات کر رہی ہے، دہشتگردی اور بجلی بحران کا خاتمہ اور قیام امن حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

غیرملکی سرمایہ کار اور تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کیلیے پر اعتماد ہیں، جی ڈی پی 3 سے بڑھاکر 6 فیصد تک لے جانا چاہتے ہیں، اسلامی ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارت وقت کی اہم ضرورت ہے۔

یہاں او آئی سی کے زیراہتمام دوسری بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا ہم ملک کو سرمایہ کاری کیلئے مکمل طور پر محفوظ بنانا چاہتے ہیں، پاک، چین اکنامک کاریڈور خطے میں معاشی ترقی کا ایک نیا باب ثابت ہوگا۔

پاکستان او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان ہم آہنگی چاہتا ہے۔حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسی سے براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔ حکومت کاروباری برادری کے مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔