کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے عوام و کارکنان سے اپیل کی ہے کہ دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت علاقوں میں چوکیداری نظام قائم کریں اور ڈاکوؤں، چوروں، خود کش حملہ آوروں، تخریب کاروں اور دہشت گردوں کی کسی بھی قسم کی کارروائی سے بچنے کیلئے فوری طور پر ویجیلنس کمیٹیاں تشکیل دیں۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک اور امن کے دشمن دہشت گرد عناصر ملک خصوصاً سندھ کے شہری علاقوں میں دہشت گردی کے ذریعے خوف کی فضاء قائم کرنے کے مذموم مقاصد کے تحت بم دھماکے، قتل وغارتگری اور دہشت گردی کی دیگر سنگین قسم کی وارداتیں کر رہے ہیں اور سیکوریٹی اہلکاروں اور معصوم شہریوں کو خاک وخون میں نہلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے عوام بھی پولیس اور سیکوریٹی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کیلئے احتیاطی تدابیر اختیارکرتے ہوئے اپنے اپنے علاقوں میں بزرگوں اور نوجوانوں پر مشتمل محلہ کمیٹیاں بنائیں۔
دن رات ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں اور کسی بھی مشکوک اشیاء، یا علاقے میں آنے جانے والے افراد پر کڑی نظر رکھیں اور اسکی اطلاع فوری طور پر مقامی پولیس یا دیگر سیکوریٹی اداروں کو دیں۔