جے پور (جیوڈیسک) افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو اچھے برے میں تقسیم نہیں کیا جاسکتا اور ان میں کسی طرح کا کوئی فرق نہیں رکھا جانا چاہئے۔ بھارتی شہر جے پور میں کاؤنٹر ٹیررازم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبداللہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی خطے کا مشترکہ مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کابل، ممبئی، پشاور، پیرس، انقرہ اور کیلیفورنیا میں ہونے والے دہشت گرد حملے ہمیں دہشت گردی کے خلاف اجتماعی کوششوں کا سبق دیتے ہیں اور بھارت، پاکستان، چین، ایران اور خطے کے دیگر ممالک میں دہشتگردی کے خلاف جامع نیشنل ایکشن پلان مرتب کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو طالبان امن مذاکرات میں شامل ہونا چاہتے ہیں ان کا خیرمقدم کرتے ہیں جو امن مذاکرات میں شریک نہیں ہوں گے ان سے طاقت کے ذریعے نمٹا جائے گا۔
عبد اللہ عبد اللہ نے کہا کہ اپنے ہمسایہ ممالک سے کہتا ہوں کہ اچھے برے دہشت گردوں میں فرق کرنا ختم کر دیں۔ دہشت گردی کے خلاف ہمیں دہرے معیار کو ختم کرنا ہوگا اور دہشت گردی کے خلاف اپنی پالیسیوں اور قوانین کو خطے اور عالمی سطح پر لاگو کرنا ہو گا۔