راولپنڈی (جیوڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کا آپریشن ضرب عضب پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ شمالی وزرستان طالبان کا آخری مضبوط ٹھکانا تھا جو دہشتگردوں کی سرگرمیوں کا مرکز بن چکا تھا۔
بویا دیگاں اور شوال غیر ملکی دہشتگردوں کے مضبوط گڑھ ہیں۔ دہشتگردوں کا گٹھ جوڑ ختم کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ افغان سرحد سیل کرکے دہشتگردوں کی نقل و حرکت محدود کی۔ مقامی اور غیر ملکی ہر طرح کے دہشتگردوں کو ختم کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف آپریشن ضرب عضب چار مراحل میں مکمل ہوگا۔ شمالی وزیرستان میں زمینی کارروائی ابھی شروع نہیں ہوئی۔ مقامی لوگوں کو ابھی نکلنے کا موقع دیا گیا ہے۔ زمینی کارروائی سے پہلے آئی ڈی پیز کا مکمل انخلاء یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ 15 سے 25 جون تک 45 ٹھکانے تباہ اور 327 دہشتگرد مارے گئے ہیں۔ آپریشن میں 10 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا اور 7 زخمی ہوئے۔ آج میرانشاہ کے مضافات میں فضائی حملے کئے گئے ہیں جبکہ مزید 7 دہشتگردوں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔