لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف کی صدارت میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کور کمانڈر لیفٹینٹ جنرل نوید زمان نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں ڈی جی رینجرز، جنرل آفیسر کمانڈنگ، صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، کرنل (ر) شجاع خانزادہ، چیف سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں سکیورٹی انتظامات کو مکمل فول پروف بنایا جائے گا۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ صوبے کے داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے مربوط کوآرڈینیشن کے تحت فرائض سرانجام دیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاک افواج کے افسروں اور جوانوں نے ہمیشہ ملک و قوم کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ پوری قوم کو مسلح افواج کی بہادری اور جرات پر فخر ہے۔