تربت: سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشتگردوں کی فائرنگ، 5 اہلکار شہید

Turbat

Turbat

کوئٹہ (جیوڈیسک) دہشتگردوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز پر حملوں کا سلسلہ نہ رک سکا۔ تربت میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 5 اہلکار جان سے چلے گئے۔

تربت کے علاقے شاپوک میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشتگردوں نے فائرنگ کی تو اہلکاروں کی گاڑی الٹ گئی جس کے نتیجے میں 5 اہلکار شہید جبکہ 6 زخمی ہو گئے۔ شہید اور زخمی اہلکاروں کو تربت ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور دہشتگردوں کی تلاش میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ بزدل دہشت گرد چھپ کر سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنا رہے ہیں، دہشت گرد بدامنی پیدا کر کے ملکی ترقی کو روکنا چاہتے ہیں۔

عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ دشمنوں کے ناپاک عزائم کو مل کر ناکام بنا دیں گے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اہلکاروں کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا۔