کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مقامی ہوٹل میں پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام پیام امن کنونشن کا اہتمام کیا گیا۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ملک میں جتنی بھی دہشتگردی ہو رہی ہے اس کے تانے بانے بیرون ملک سے جُڑے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مدارس ہمارے لئے قابل احترام ہیں۔ مدارس کے طلبہ کو پوری دنیا کے لئے رول ماڈل بنانا ہوگا۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین مولانا طاہر اشرفی کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف تمام سیاسی اور مذہبی جماعتیں متحد ہیں۔
سانحہ پشاور، شکار پور اور کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے علماء، طلبہ اور سیاسی کارکنوں کے قتل کے خلاف 13 فروری کو پُرامن یوم احتجاج منایا جائے گا۔ کنونشن میں شریک مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے نمائندوں نے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے بھرپور تعاون کے لئے یقین دہانی کرائی۔
ملک سے انتہاء پسندی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کے لئے “جاگ پاکستان جاگ” کے عنوان سے ملک گیر مہم چلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔