لندن (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردی نے پاکستان کو دیمک کی طرح چاٹ کر کھوکھلا کر دیا ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عوام پاک افواج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرے۔
ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے اپنے بیان میں ہنگو بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کیخلاف پاکستان افواج کے آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر دہشت گردوں نے رمضان المبارک کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے بم دھماکوں اور دہشت گردی کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی نے پاکستان کو دیمک کی طرح چاٹ کر کھوکھلا کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی وجہ سے ملک کی ترقی اور معیشت تباہ حالی کا شکار ہے۔ الطاف حسین نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگو کے علاقے دورڑی بانڈہ میں بم دھماکوں میں ملوث دہشتگردوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔