پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا کے انسپکٹر جنرل پولیس ناصر درانی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خطرات اب بھی موجود ہیں۔ قصہ خوانی بم دھماکے میں کون سا گروپ ملوث ہے یہ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ تاجروں کی مشاورت سے نیا سیکورٹی پلان تشکیل دیا جائے گا۔
پشاور کے قصہ خوانی بازار کے دورے کے موقع پرمیڈیا سے گفت گو میں آئی جی ناصر درانی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے حکمت عملی تبدیل کر دی ہے اور وہ سافٹ ٹارگٹ کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خطرات اب بھی موجود ہیں۔ تاجروں کے ساتھ ملک کر سیکورٹی پلان بنایا جائے گا۔
آئی جی پی کا کہنا تھا کہ ہم ایک سسٹم بنارہے ہیں جس میں عوام ہمیں اطلاعات فراہم کریں گے۔ معلومات فراہم کرنیوالے کی شناخت کو خفیہ رکھا جائے گا۔ آئی جی خیبر پختونخوا کا کہنا تھا معلومات دینے والوں کو انعام بھی دیا جائے گا۔ ناصر درانی نے کہا کہ جذبات کی رو میں بہہ کر کوئی فیصلہ نہیں کریں گے۔