دہشت گردی اور بد امنی کا ماحول پیدا کر کے پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشیں جاری ہیں۔ علامہ پیر سید خضر الحسن شاہ

مصطفی آباد/للیانی : دہشت گردی اور بد امنی کا ماحول پیدا کر کے پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشیں جاری ہیں۔ صرف علماء کرام اور مشائخ عظام کو ہی نہیں ہر محب وطن پاکستانی کو وطن عزیز کی بقاء اور سلامتی کیلئے اپنا کردار ادا کر نا ہو گا۔شعیہ اور سنی فسادات کے ذریعے بیرونی ہاتھ اپنے گھنائونے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے عمل پیرا ہیں۔

ان خیالات کا اظہارمعروف مذہبی سکالر، خطیب پاکستان حضرت علامہ پیر سید خضرالحسن شاہ نے آستانہ عالیہ بخاریہ ،معصومیہ نے سالانہ ذکر حسین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس کی صدارت خادم آستانہ عالیہ خواجہ دائم الحضوری قصوری پیر سید محمد اسلم شاہ بخاری نے کی ۔مقررین نے کہا کہ وقت کے یزیدوں کیخلاف ڈٹ جانے کو حسینی راستہ کہتے ہیں۔آج دشمنان اسلام متحد ہو کراسلام کا غلط تشخص قائم کر کے اسلام اور پاکستان کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ہر رنگ و نسل کے مسلمان مذہب اور فرقہ بندی سے بالا تر ہو کر حضرت امام حسین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دین اسلام کو بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

اس موقع پر جنرل سیکرٹری پریس کلب فضل حسین بھٹہ ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات انجمن طلباء اسلام پاکستان محمدتنویر شاہد ،چیف ایڈیٹر روزنامہ آواز قصور عطاء محمد قصوری ،خلیفہ مجاز آستانہ عالیہ کھچوچھہ شریف انڈیا پیر پروفیسرمحمد یوسف آرائیں،میجررحمت علی نے بھی شرکت کی،کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ پاکستان کے معروف ثناء خوان محمد رفاقت فریدی ،ایوارڈ یافتہ سید محمد احمد شاہ ،پیر سید غلام معصوم شاہ بخاری ، حافظ محمد تو صیف سمیت دیگر نے نعت خوانی کی اور حضرت امام حسین کو خراج تحسین پیش کیا۔کانفرنس کا اختتام درودو سلام سے ہوا۔