دہشتگردی و بد امنی نے بیواؤں و یتیموں کی تعداد میں تشویشناک اضافہ کیا ہے، صائمہ خان
Posted on December 17, 2013 By Majid Khan کراچی
کراچی : صدر پاکستان ممنون حسین، وزیراعظم میاں نواز شریف ، چیف جسٹس تصدق جیلانی اور تمام اراکین پارلیمنٹ معاشرے کو تباہی سے بچانے کیلئے بیوہ خواتین کے مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر موثر قانون سازی کریں۔ وڈوز ویلفیئر ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) کے بانی صدر کوثر بنگش نے بیگم سلمیٰ وحید مراد ‘ تسنیم فرزانہ اور صائمہ خان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قانون سازی کے ذریعے حادثات و دہشتگردی میں ہلاک ہونے والوں کی بیواؤں کومرحوم کی تدفین کیلئے فوری طور پر پچاس ہزار روپے کی فراہمی کاقانون بنایا جائے۔
جبکہ پولیس، افواج پاکستان، سیکورٹی اداروں اور میڈیا نمائندگان کے شہداء کی بیواؤں کو 25لاکھ روپے معاؤضے کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ان کا ماہانہ وظیفہ مقرر کیاجائے ۔وڈوز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے بانی صدر کوثر علی بنگش نے میڈیا کانفرنس میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ بیوہ خواتین کے معاشی تحفظ کیلئے انہیں تعلیم وتربیت فراہم کی جائے اور نجی و سرکاری ملازمتوں میں ان کیلئے کوٹہ مختص کیاجائے۔ بیوہ خواتین کو مفت علاج و ادویات کے ساتھ ہر طرح کی قانونی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ بلاسودی کاروباری قرضوں کے ساتھ بیوہ خواتین کو آسان اقساط پر رہائشی سہولت بھی فراہم کی جائے اور ان پر واجب الادا تمام اقسام کے ٹیکسز اور قرضہ جات معاف کئے جائیں جبکہ بیوہ خواتین کی بچیوںکیلئے جہیز فنڈ قائم کیاجائے اور ان کے بچوں کیلئے تعلیمی و تربیتی اداروں اور ملازمت و قرضہ اسکیموں بھی کوٹہ مختص کیا جائے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com