دہشتگردی و قانون کی کمزوری سے بیواؤں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے وڈوز ویلفیئر ایسوسی ایشن
Posted on June 29, 2013 By Geo Urdu کراچی
کراچی ( ) سانحہ حادثے اور دہشتگردی میں ہلاک ہونے والے ہر فرد کے لواحقین کو تہجیز و تدفین کیلئے حکومت کی جانب سے 24 گھنٹوںمیں فوری امداد کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے وڈوز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی چیئر پرسن تسنیم فرزانہ سینئر وائس چیئر پرسن سلمیٰ وحید مراد صدرکوثر بنگش نائب صدر صائمہ خان اور سیکریٹری جنرل ثمر سلطانہ نے صدر وزیراعظم اراکین سینیٹ و پارلیمنٹ اور چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے۔
کہ تمام بیواؤں کی پنشن و دیگر واجبات کی فوری ادائیگی یقینی بنانے کے ساتھ مؤثرقانون سازی کے ذریعے آئین میں خصوصی طور پر بیوہ خواتین کو مکمل تحفظ کی فراہم کیا جائے۔ کوثر بنگش نے وڈوز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے بیوہ خواتین کے حوالے سے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیواؤں اور ان کے بچوں کیلئے سرکاری و نجی اداروں میںملازمتوں کا کوٹہ مختص کرنے کے ساتھ تمام نجی و سرکاری درسگاہوں میں مفت تعلیم کتب و یونیفارم کی یقینی فراہمی کا نظام وضع کیا جائے۔
درسی تعلیم کے ساتھ جدید ترین ٹیکنیکل تعلیم وتربیت بھی مفت فراہم کی جائے تمام طبی اداروں میں مفت علاج و ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے بیوہ خواتین کو خود کفیل بنانے کیلئے ادارے قائم کرکے انہیں تعلیم و تربیت فراہم کی جائے اور ہنر مند و تعلیم یافتہ بیوہ خواتین کو کاروبار کیلئے بلاسودی قرضوں کا اجراء یقینی بنایا جائے جبکہ ہاؤس بلڈنگ کا قرض معاف کیا جائے اوربیواؤں کو آسان اقساط میں سستی رہائش کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔
بیوہ خواتین کی بچیوں کی شادی کیلئے جہیز فنڈ قائم کیا جائے اور مسلح افواج پولیس و دیگر سیکورٹی اداروں کے شہداء کی بیواؤں اور ان کے بچوں کیلئے خصوصی وظائف مقرر کئے جائیں بیوہ خواتین کو ٹرین وبس میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی جائے۔ اوربیوہ خواتین کے جائیداد کے تنازعات کے حل و دیگر قانونی معاملات و حصول انصاف کیلئے مفت قانونی معاونت کی فراہمی کا خصوصی ادارہ بنایا جائے اوربیوہ خواتین کے تمام مقدمات کے فیصلے کیلئے90روز کا وقت مقرر کیا جائے۔