اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں 5 پولیس اہلکاروں کو جاں بحق کئے جانے جیسی کارروائیوں سے دہشت گردی کے خلاف حکومت کے عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکتا.
وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے کوئٹہ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 5 پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی شدید مذمت اوران کے اہل خانہ سے گہرے دکھ اوردلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے واقعات سے دہشت گردی کے خلاف جاری مشن نہیں رکے گا اور نہ ہی اس عزم کو کمزورنہیں کیا جا سکتا ہے،انہوں نے متعلقہ حکام کو حکم دیا کہ
اس گھناؤنے جرم میں ملوث مجرموں کوفوری گرفتارکیا جائے۔ دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے بھی کوئٹہ میں پولیس وین پر حملے کی مذمت اور غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے بزدلانہ فعل سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عزم کو کمزور نہیں کیا جاسکتا۔