دہشتگرد اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے: آرمی چیف

Army Chief

Army Chief

چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ دہشت گرد اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ پاکستان کے بارے میں شک وشبہات پیدا کرنے والے قوم کے جذبے کو نہیں جانتے۔ بحیثیت قوم ناکام تھے اور نہ کبھی ہوں گے۔ یبٹ آباد کی کا کول اکیڈمی میں یوم آزادی کی مناسبت سے حسب روایت پریڈ کا اہتمام کیا گیا جس میں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر چاق وچوبند دستے نے سلامی دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا کہ پاکستان کے قیام کا مقصد زمین کے ٹکڑے کا حصول نہیں فلاحی ریاست کا قیام تھا۔ آج اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کے لیے ہر ادارے کو جدوجہد کرنا ہوگی۔ پاک افواج نے دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گرد کبھی اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔

پاکستانی قوم نے اتنے سال دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے۔ اس دوران خوف اور دہشت کو خود پر حاوی نہیں ہونے دیا۔ الیکشن کے دوران عوام نے تمام تر خدشات کے باوجود گھروں سے نکل کر ووٹ ڈالا۔ ایسی قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے زور دیا کہ آزادی ایک نعمت ہے جسے برقرار رکھنے کے لیے سب پر کچھ فرائض عائد ہوتے ہیں۔ اولین ترجیح ملک کا مفاد ہونا چاہیئے۔ تقریب کے اختتام پر پرچم کشائی کی گئی۔