اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ قومی لائحہ عمل پر پیشرفت اور جلد عملدرآمد کی خود نگرانی کر رہا ہوں اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
اسلام آباد میں قومی ایکشن پلان کے لائحہ عمل کا جائزہ اجلاس وزیراعظم کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار اور نیکٹا کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لئے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں۔
معاشرے میں دہشتگردوں کے لئے کوئی جگہ نہیں اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔ نیکٹا افسران نے وزیراعظم کو نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق بریفنگ بھی دی۔
واضح رہے کہ25 دسمبر کو وزیراعظم نواز شریف نے 20 نکات پر مشتمل قومی ایکشن پلان کا اعلان کیا تھا جس میں فوجی عدالتوں کا قیام بھی شامل ہے جب کہ دونوں ایوانوں سے ایکشن پلان کی منظوری کے بعد چاروں صوبوں میں فوجی عدالتیں قائم کر دی گئی ہیں۔