دہشتگردوں کو دوبارہ نہیں آنے دیں گے: آرمی چیف

 Raheel Sharif Meeting

Raheel Sharif Meeting

راولپنڈی (جیوڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہوئی۔

کانفرنس میں ملک کی اندرونی و بیرونی سیکورٹی صورتحال اور آپریشن ضرب عضب میں اب تک ہونے والی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں آپریشن ضرب عضب میں شریک افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو سراہا گیا۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آپریشن ضرب عضب میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ کی مدد اور قوم کی دعائوں سے دہشتگردوں کیخلاف جاری آپریشن ضرب عضب کامیاب ہوگا۔ دہشتگردوں کو دوبارہ نہیں آنے دیں گے۔ آئی ڈی پیز کی مدد میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائے گی۔

شمالی وزیرستان کے متاثرین کو دوبارہ ان کے گھروں میں آباد کیا جائے گا۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ آپریشن کے ثمرات سمیٹنے کیلئے تمام فریقین طویل مدتی پالیسی اپنائیں۔