واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکومت اور افواج کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں مثالی ہیں جب کہ داعش اور دیگر دہشت گرد گروہوں سے نمٹنے کے لئے اسلام آباد کی حمایت جاری رکھیں گے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ مارک ٹونر کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان دنیا بھر میں دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے، پاکستانی عوام اور افواج دہشت گردی سے نمٹنا جانتے ہیں جب کہ امریکا بھی داعش اور دیگر دہشت گردوں سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں داعش اور اس کے پناہ گاہیں موجود ہیں اور ہم نے وہاں دہشت گردوں کو پنپتے دیکھا ہے تاہم پاکستان میں داعش کی موجودگی کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتے مگر وہاں دہشت گردوں کی کچھ پناہ گاہیں موجود ہیں، دہشت گرد بھی ایسی جگہوں کی تلاش میں رہتے ہیں جہاں حکومتی رٹ کمزور ہو۔
مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ پاکستان دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم کرنے کے لئے کارروائیاں جاری رکھے گا۔ انھوں نے کہا کہ امریکا خطے میں امن اور استحکام کے لئے پاکستان اور بھارت کے درمیان اچھے تعلقات کا خواہاں ہے اور اس سلسلے میں بھارتی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
اگلے ماہ امریکا میں پاک بھارت وزرائے اعظم ملاقات کے حوالے سے ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا تاہم واشنگٹن دونوں ممالک کے درمیان پیش رفت چاہتا ہے۔