اسلام آباد (جیوڈیسک) اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی نے شرکت کی۔ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے ایکشن پلان کے بیس نکات پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ وزرائے اعلی نے اپنے اپنے صوبوں میں ایپکس کمیٹیوں کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں دہشتگردی کے مقدمات فوجی عدالتوں میں بھجوانے کے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔ افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کے عمل پر بھی تبادلہ خیال بھی ہوا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور ڈی جی آئی ایس آئی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے واضح کیا کہ حکومت دہشتگردی کے خلاف سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
دہشتگردوں کے معاونین کیخلاف بھی کارروائی ہو گی۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں اسے ہر قیمت پر جیتنا ہوگا تمام صوبے قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ وفاق ہر ممکن معاونت کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی استعداد کار بڑھانا حکومت کی اولین ترجیح ہے مقاصد کے حصول کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔ انہوں نے پولیس میں تقرریاں اور تبادلے میرٹ پر کرنے کی ہدایت بھی کی۔