دہشت گردوں، ان کے معاونین اور ساتھیوں کی باقیات کو ختم کردیں گے، آرمی چیف

General Qamar Javed Bajwa

General Qamar Javed Bajwa

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے معاونین اور ساتھیوں کی باقیات کو ختم کر دیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 247 ویں کور کمانڈر کانفرنس جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی، جس میں ملکی سیکیورٹی صورتحال بالخصوص بلوچستان میں حالیہ واقعات پر جامع بریفنگ دی گئی، اور شرکاء کو پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی مخالفانہ کوششوں کا مقابلہ کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

شرکا نے ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے حملوں کو بہادری سے پسپا کرتے ہوئے ملک کے دفاع کے لیے لازوال قربانیاں دیں اور انہیں بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا۔

سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں اور حفاظتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک طویل سفر طے کیا ہے، مسلح افواج نے قوم کی حمایت سے ہر رنگ و نسل کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا ہے، امن بحالی کے لیے کی گئی کوششوں کو ثبوتاژ نہیں ہونے دیں گے، اور ہم دہشت گردوں، ان کے معاونین اور ساتھیوں کی باقیات کو ختم کر دیں گے۔