دہشت گردوں کو پناہ دینے والے ملک و قوم کے وفادار نہیں ہوسکتے:الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی

گوجرانوالہ : صوبائی سیکرٹری اطلاعات مرکزی جمعیت علماء پاکستان الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو پناہ دینے والے ملک و قوم کے وفادار نہیں ہوسکتے۔ بے گناہوں کا قتل حیوانیت کی بدترین مثال ہے۔ مذاکرات نہیں دہشت گردوں کو تختہ دار پر لٹکایا جائے۔ حکومت امریکہ کے ساتھ سفارتی تعلقات کو ڈرون حملوں کی بندش سے مشروط کرے۔ بلدیاتی امیدواروں کے فارم میں ختم نبوت کا حلف نامہ شامل کیا جائے۔ فارم سے حلف نامہ نکالنے سے بہت سی خرابیاں اور غلط فہمیاں پیدا ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام مرکزی جامع مسجد فیض مدینہ میں منعقدہ شہداء کربلا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر صاحبزادہ محمد دائود رضوی، الحاج سرفراز احمد تارڑ، مفتی محمد حسین صدیقی، مفتی غلام نبی جماعتی، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، مفتی محمد سعید رضوی، قاری غلام سرور حیدری، پیر قاری محمد اشرف شاکر، حافظ محمد رفیق قادری، مولانا محمد خالد حسن مجددی، قاضی محمد یعقوب رضوی، قاری محمد اعظم چشتی اور حافظ محمد سعید نے خطاب کیا۔ مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہا کہ نواسہ رسول حضرت سیدنا امام حسین نے یزیدی قوتوں کے سامنے اپنا سر نہ جھکا کر اسلام کو زندہ جاوید کردیا۔ میدان کربلا میں شہداء کربلا کی قربانی کا پیغام دین سے محبت اور آزمائش میں صبرو رضا ہے۔ امت مسلمہ ظالم کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے مشن حسین ابن علی کو منشور بنالے۔