راولپنڈی (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کوئٹہ ایئر بیس پر حملہ ناکام بنانے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کی حمایت سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور دہشت گردوں کو ملک میں چھپنے کی بھی جگہ نہیں ملے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے گزشتہ روز کوئٹہ ایئربیس پر فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کا حملے ناکام بنانے اور انہیں ہلاک کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے,جنرل راحیل شریف نے کہا کہ دہشت گرد مایوس ہیں اور ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں اس صورتحال میں سکیورٹی فورسز چوکس رہیں اور دہشت گردوں کے حملے ناکام بنادیں۔
پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے دہشت گرد فرارہورہے ہیں،ہم قوم کی حمایت سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنادیں گے اور انہیں ملک میں چھپنے کی بھی جگہ نہیں ملے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایئربیسز پر حملوں میں ملوث 3 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ حملے میں 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے جن میں سے 5 سمنگلی ایئربیس اور 6 خالد ایئربیس کے باہر مارے گئے جبکہ حملے میں پی اے ایف اور دیگر ملکی اثاثے محفوظ رہے۔