لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ دہشت گرد ملک و قوم کے کھلے دشمن ہیں جن کے خلاف سخت اقدامات عمل میں لائے جائیں۔
لندن سے جاری بیان میں الطاف حسین نے کراچی کے رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر کے قریب بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے، انہوں نے دھماکے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت اور زخمیوں کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
الطاف حسین نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مسلح افواج ، سیکیورٹی فورسز، قانون نفاذ کرنے والے ادارے اور عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گرد ملک و قوم کے کھلے دشمن ہیں۔
انہوں نے صدر مملکت ممون حسین، وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان سے مطالبہ کیا کہ رزاق آباد بم دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف سخت اقدامات عمل میں لائے جائیں، عوام کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایاجائے اور بم دھماکوں کی مذموم کارورائیوں میں ملوث سفا ک دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔