دہشتگردوں کا ملک بھر میں تعاقب کیا جائے گا: آرمی چیف

 Raheel Sharif

Raheel Sharif

میرانشاہ (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں سے نبرد آزما جوانوں اور افسروں سے ملاقات کی اور ان کی بہادری اور بلند حوصلے کو سراہا۔ آرمی چیف کو آپریشن ضرب عضب پر بریفننگ بھی دی گئی۔

آرمی چیف نے کامیاب آپریشن پر چین آف کمانڈ کو مبارکباد پیش کی اور آپریشن کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دہشتگردی کی لعنت سے نجات دلائیں گے۔ مقامی اور غیر ملکی دہشتگردوں اور ان کے ٹھکانوں کو ختم کیا جائے گا۔

آپریشن پر پوری قوم کے تعاون کو سراہتے ہیں۔ قوم کے واضع فیصلے اور عزم کیساتھ آپریشن کو مکمل کرینگے۔ دہشتگردوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ دہشتگردوں کا ملک بھر میں تعاقب کیا جائے گا۔ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک تعاقب جاری رہے گا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ نقل مکانی کرنے والے افراد کی قربانیوں کو سراہتے ہیں۔ قبائلی بھائیوں کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ پوری قوم نقل مکانی کرنے والے افراد کی مدد کیلئے نکل آئی ہے۔ شمالی وزیرستان میں حالات معمول پر آتے ہی تعمیر نو کا آغاز ہو گا۔