لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے آسان ہدف دیکھ کر چرچ پر حملہ کیا۔ مسلمان اور عیسائی تقسیم کی سازش ناکام بنا کر انتہا پسندی کے خلاف متحد ہو جائیں۔
مسیحی برادری کے رہنماؤں سے ملاقات میں وزیراعلیٰ شہباز شریف نے سانحہ یوحنا آباد پر دکھ کا اظہا رکیا اور انہیں یقین دلایا کہ ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ مسیحی برادری نے ہمیشہ ملکی دفاع اور ترقی میں مثبت کردار ادا کیا۔ ایسے سانحات تقسیم کی ساز ش ہیں۔ توڑ پھوڑ اور لوگوں کو جلانے کے واقعات نہیں ہونے چاہیے تھے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب حکومت انتہا پسندی اور نفرت انگیزی کی روک تھام کے لیے بھرپور اقدام کررہی ہے۔ نصاب تعلیم میں بھی شدت پسندی کے خلاف مضامین کا اضافہ کیا جائے گا۔