پشاور (جیوڈیسک) قوم اچھی امید رکھے ، شوال کسی مقصد سے گئے ہیں ، دہشت گردوں کا خاتمہ کریں گے۔ شہید کیپٹن عمیر کا شمالی وزیرستان کی وادیٔ شوال روانگی سے پہلے ایک ویڈیو پیغام منظر عام پر آگیا ہے۔
کیپٹن شہیدعمیر عباسی نے محاذ پر جانے سے پہلے جو گفتگو کی اور دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے کا عزم کیا وہ پوری قوم کے لیے مشعل راہ ہے۔ شہید کیپٹن عمیر کی یہ گفتگو گواہ ہے کہ وہ کس شان سے مقتل میں گئے ،مادر وطن کے اس شیر فرزند کا ملک دشمنوں سے مقابلہ یقیناً قابل دید اور قابل داد ہوگاجووادی ٔ شوال جیسی پر خطر گھاٹیوں میں جانے کےلیے بے قرار تھا۔
عمیر کے والد لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ زاہدعباسی کا کہنا ہے کہ میرے لیے عمیر پیارا تھا مگر، وطن کی مٹی کے دفاع سے زیادہ نہیں ۔ وہ پاک فوج میں شامل اپنا دوسرا بیٹا بھی آج ہی قربان کرنے کو تیار ہیں۔
وہ بیٹا کیوں نہ جری ہو جس کی رگوں میں ایک بہادر باپ کا خون دوڑ رہاہے ۔جوان بیٹے کا جنازہ اٹھاکر بھی لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ زاہد کا چہرہ روشن ، لبوں پر مسکراہٹ اور لہجے میں چٹان جیسی مضبوطی دیدنی تھی۔