اسلام آباد (جیوڈیسک) افواج پاکستان کے ترجمان میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ حقانی نیٹ ورک اب ماضی کا قصہ بن چکا ہے، آپریشن ضرب عضب سے پہلے دہشت گردوں کو فرار کا راستہ دینے کا تاثر بالکل غلط ہے۔
دورہ امریکا کے دوران بعض حلقوں کی جانب سے آپریشن ضرب عضب پر شبہات کو مسترد کر دیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گردوں کا فرار روکنے کے لیے سرحد پار فورسز کو خبردار کیا تھا، پاک فوج بلاامتیاز تمام دہشت گرد گروپس کا صفایا کر رہی ہے۔
ترجمان افواج پاکستان نے واضح کیا کہ بیک وقت خیبر ایجنسی میں آپریشن کا مقصد دہشت گردوں کو قدم جمانے سے روکنا ہے، جس کےلیے ملک بھر میں بھی انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کی گئیں۔
میجر جنرل عاصم باجوہ نے کہا کہ آرمی چیف کے دورہ امریکا سے زیادہ توقعات لگانا ٹھیک نہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی کی قربانیوں کا اعتراف ہی اس دورے کا اصل حاصل ہو گا۔