اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک بھر کی جیلوں میں قید دہشتگردوں کو پھانسی دینے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، اس حوالے سے وزارت داخلہ کی جانب سے جیلوں میں پھانسی گھاٹ بھی تیار کر لئے گئے ہیں جہاں سنگین مقدمات میں ملوث دہشتگردوں کو پھانسی پر لٹکایا جائے گا۔
اس حوالے سے وزارت داخلہ نے ایک نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا ہے جس میں جیل انتظامیہ کو اس بات کا حکم دیا گیا ہے کہ وہ جیلوں میں فوری طور پر پھانسی گھاٹ کی تیاریوں کا کام مکمل کرلیں اور جیسے ہی حکومت کی جانب سے دہشتگردوں کو پھانسی دینے کی تاریخ کا اعلان کیا جائے انہیں تختہ دار پر لٹکا دیا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سات دنوں میں 17 دہشتگردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا جائے گا۔