دہشتگردوں، سہولت کاروں کا گٹھ جوڑ ختم کر دیں گے، آرمی چیف

 Qamar Javed Bajwa

Qamar Javed Bajwa

اسلام آباد (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دور دراز علاقوں میں موجود دہشت گردوں اور سیٹلڈ علاقوں میں موجود ان کے سہولت کاروں کے درمیان گٹھ جوڑ ہر صورت ختم کریں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پشاور کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور وہاں پورا دن گزارا۔

اس موقع پر آرمی چیف کو فاٹااور خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی کی صورتحال اور آپریشن پر بھی بریفنگ دی گئی، آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب آپریشن پر سراہااور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں اب تک ہونے والی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف کومبنگ آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک افغان بارڈر کے دوسری جانب دہشت گردوں کی سرگرمیاں پر نظر رکھنا ہو گی، دہشت گردوں کے درمیان رابطے ختم کرنے کے لیے بہتر بارڈر مینجمنٹ ضروری ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ علاقے میں امن کی واپسی اور ترقیاتی کاموں کے لیے پاک فوج اور قبائل ایک دوسرے کے شانہ بشانہ رہیں گے۔