کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائدالطاف حسین نے کہا ہے کہ پاک فوج ہر محاذ پر دشمنوں کو شکست پر شکست دے رہی ہے جس پر میں فوج کے جرنیلوں، افسران اور جوانوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔
کراچی میں مزار قائد کے سامنے واقع باغ جناح میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے جلسے سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا تھا۔
کہ آج کا یہ اجتماع فوج کے جرنیل سے جوان تک جنہوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور جو دہشت گردوں کے خلاف بہادری، ہمت اور حوصلے کے ساتھ محاذ پر ڈٹے ہوئے ہیں ان کی جرات کو سلام اور خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے منعقد کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے معاملے پر پاک فوج نے بہت صبر کا مظاہرہ کیا جس پر پاک فوج کو سلیوٹ پیش کرتے ہیں، پاک فوج کے جوان دیکھ لیں کہ پوری قوم ان سے محبت کرتی ہے اور ان کے لئے دعا گو ہے۔
الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ملک میں دیگر مذہبی جماعتیں بھی موجود ہیں جو اپنے منشور کی تبلیغ کرتی ہیں لیکن ڈنڈے اور کلاشنکوف کے ذریعے دوسروں پر خود ساختہ شریعت نافذ کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔
آج پوی پاکستانی قوم اور مسلح افواج ایک پیج پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے پہلے دہشت گردوں کا صفایا ہو گا جس کے بعد جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سیاستدانوں کے احتساب کا مرحلہ شروع ہو گا۔
اور ملک میں غریب، متوسط طبقے اور نیک لوگوں کی حکومت قائم ہوگی، جہاں رشوت لینا، بینکوں سے اربوں روپے قرض لے کر معاف کرانا حرام ہوگا، ملک لوٹنے والوں کو اس ملک میں بھیج دیں گے جہاں انہوں نے اپنی دولت رکھی ہوئی ہے اور ان کی جائیداد پر قبضہ کر کے سرکاری قومی تحویل میں دے دی جائے گی۔
سابق صدر پرویز مشرف پر غداری کے مقدمے سے متعلق الطاف حسین کا کہنا تھاکہ پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ چلا کر قانون کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں۔ اگر مقدمہ چلانا ہے تو پرویز مشرف کے ساتھیوں کے خلاف بھی چلایا جائے اور سابق صدر کے ساتھ جنرل کیانی کو بھی ایک کمرہ دیا جائے۔