دہشت گرد ممبرانِ قومی و صوبائی اسمبلی کی رکنیت ختم کی جائے، اویس نورانی صدیقی

Karachi

Karachi

کراچی : جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلیٰ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر کی سیٹ ایک معتبر مقام ہے، اسپیکر قومی اسمبلی تمام عوامی نمائندوں اور عوام کی امنگوں کا ضامن سمجھا جاتا ہے۔

مگر اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے ایک ایسے شخص کی ہمدردی کرنا اور اسے دلاسہ دینا جو کہ پورے ملک میں ایک غدار، بدکردار اور دہشت گرد جماعت کا سربراہ مانا جاتا ہے، یہ عمل سخت باعث تشویش اور مقام افسوس ہے، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپنے کردار کو متنازع کردیا ہے، ہر وہ شخص جو اس دور میں غدار وطن الطاف یا اس کے حواریوں کی طرف داریاں کرے گا یہ اس بات کی وضاحت ہے کہ وہ شخص بھی کہیں نہ کہیں الطاف کی قاتلانہ تحریک کا دیرینہ ساتھی ہے۔

اس کے مفادات بھی ملک دشمنی پر مبنی ہیں، پیپلز پارٹی نے گزشتہ ایک دہائی میں پہلی بار درست سمت میں قدم بڑھا کر سندھ اسمبلی کو اپنائیت کااحساس دلایا ہے، ورنہ لگتا تھا یہ تھا کہ پیپلز پارٹی اصل میں متحدہ کی سرپرست اعلیٰ ہے، ایجنسیاں اسلام آباد میں قاتل مصطفی کمال کو استعمال کر کے جس متوازی ایم کیو ایم کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں اس کی بھنک ہمیں مل چکی ہیں، ہمیں کسی بھی طرح کوئی ایم کیوایم قبول نہیں ہے،جمعیت علماء پاکستان کا مطالبہ ہے کہ الطاف اور اس کے تمام حواریوں کو کراچی کی سڑکوں پر لٹکا کا عبرت کا نشانہ بنایا جائے۔

بلدیاتی الیکشن کی تیاریوں کے سلسلے میں جمعیت علماء پاکستان کراچی ڈویژن کے اعلیٰ سطح اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلیٰ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا کہ خادمین اور کارکنان جمعیت علماء پاکستان پوری قوت اور منصوبہ بندی کے ساتھ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لیں، جمعیت علماء پاکستان کی جیت کراچی کی جیت ہے، اس بار ہمیں باطل کے ایوانوں میں کلمہ حق کی صدا بلند کرنی ہے اور اپنا ووٹ بینک واضح کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ممبرانِ قومی و صوبائی اسمبلی کی رکنیت ختم کی جائے، جے یو پی کی حق بات آج واضح ہو چکی ہے، دنیا جان چکی ہے کہ مینڈیٹ کا نعرہ لگانے والے ٹھپہ مافیا کی پیداوار ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی کو اگر یاری دوستی نبھانی ہے تو اسپیکر کی سیٹ چھوڑ دیں، فوجی عدالتیں رپورٹ تیار کرے کہ کون اپنے قاتل بھائیوں کی مدد کے لئے ہمدردی کا اظہا ر کر رہا ہے، جسے بھی غدار وطن الطاف کا مداوہ ہے عوام اس کی چارج شیٹ تیار کریگی۔

http://facebook.com/NooraniMediaCellPk
http://juppakistan.wordpress.com