اسلام آباد (جیوڈیسک) دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے سیاسی رہنما متحد ہو گئے ہیں، وزیراعظم کی زیر صدارت آج اجلاس ہو گا جس کا مقصد تمام سیاسی جماعتوں کو دہشت گردی کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے۔
وزیراطلاعات پرویز رشید اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایاکہ پشاور میں وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی سیاسی پارلیمانی پارٹیز اجلاس میں دہشت گردی کے تازہ واقعات سمیت در پیش چیلنجز پر غور کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرز خورشید شاہ اور اعتزاز احسن نے اجلاس میں شرکت کی یقین دہانی کرادی ہے۔
اسحاق ڈار کے رابطہ کرنے پر شاہ محمود قریشی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تحریک انصاف بھی اس اجلاس میں شرکت کرے گی۔ پرویز رشید کےمطابق ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر رشید گوڈیل،اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے بھی اپنے نمائندے بھجوانے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق آفتاب شیرپاؤ، حاصل بزنجو، محمود اچکزئی، اعجازالحق، اکرم درانی اور سینیٹر مشاہد حسین سید بھی پشاور میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کریں گے۔